07/07/2022
*صرف پانچ منٹ کا مدرسہ قسط (125): قرآن وحدیث کی روشنی میں*
=====================
***************************
*ایک فرض کےبارےمیں : نماز عصر کی اہمیت*
رسول اللّٰہ ﷺ نے فرمایا :" جس شخص نے عصر کی نماز چھوڑ دی ، تو اس کا عمل ضائع ہو گیا"۔
(بخاری :553، عن بریدۃ رضی اللہ عنہ)
فائدہ: دن اور رات میں تمام مسلمانوں پر پانچوں نمازوں کو ادا کرنا تو فرض ہے ہی ،لیکن خاص طور سے عصر کی نماز چھوڑنے والوں کےحق میں رسول اللّٰہ ﷺ کا وعید بیان فرمانا اس کی اہمیت کو اور بڑھا دیتا ہے ۔
***************************
*ایک سُنت کے بارے میں : اسم اعظم کے ساتھ دُعا کرنا*
حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں :میں نے رسول اللہ ﷺ سے سُنا کہ آپ ﷺ نے فرمایا :" جب ان کلمات (اسم اعظم )اللَّهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ بِاسْمِكَ الطَّاهِرِ الطَّيِّبِ الْمُبَارَكِ الْأَحَبِّ إِلَيْكَ سے دُعا کی جاتی ہے، تو قبول ہوتی ہے ،جب سوال کیا جاتا ہے ، تو عطا کیا جاتا ہے، جب رحم کی دُعا کی جاتی ہے ، تو رحم کیا جاتا ہے ،جب مُصیبت سے نجات مانگی جاتی ہے ، تو نجات حاصل ہوتی ہے "۔ (ابن ماجہ :3859)
***************************
*ایک اہم عمل کی فضیلت : راستے سے تکلیف دہ چیز کو ہٹانا*
رسول اللّٰہ نے فرمایا :"ایک آدمی کا انتقال ہو گیا ، اس نے کوئی نیکی نہیں کی تھی ، ہاں !صرف اس نے راستہ کے کانٹے کی ٹہنی اُٹھا کر پھینکی تھی، یا (راستہ پر )کوئی درخت تھا، جسے اس نے کاٹ ڈالا تھا اور اسے کنارے ڈال دیا تھا ، اللّٰہ تعالیٰ نے اسے اس کے بدلے میں جنت میں داخل کر دیا "۔
(ابوداؤد:5245،عن ابی ہریرہ رضی اللہ عنہ)
***************************
*ایک گناہ کے بارے میں : کفر و نافرمانی کی سزا*
قرآن میں اللّٰہ تعالیٰ فرماتا ہے :" جو شخص منہ موڑے گا اور کفر کرے گا ، تو اللہ تعالیٰ اس کو بڑا عذاب دے گا پھر ان کو ہمارے پاس آنا ہے ۔ پھر ہمارے ذمے ان کا حساب لینا ہے "۔
(سورہ غاشیہ :23 تا 26)
***************************
*دُنیا کے بارے میں: کافروں کے مال سے تعجب نہ کرنا*
قرآن میں اللّٰہ تعالیٰ فرماتا ہے :"تم ان (کافروں) کے مال اور اولاد سے تعجب میں مت پڑو، کیوں کہ اللّٰہ تعالیٰ دُنیا ہی کی زندگی میں ان کافروں کو عذاب میں مبتلا کرنا چاہتا ہے اور جب ان کی جان نکلے گی ، تو کفر کی حالت میں مریں گے"۔
(سورہ توبہ:55)
خلاصہ : کافروں کو جو مال و اولاد دی جاتی ہے ، ان کی زیادتی سے کسی کو تعجب نہیں ہونا چاہیے کیونکہ جب انہیں اللّٰہ تعالیٰ ان چیزوں کے ذریعہ ان کی نافرمانی اور بغاوت کی وجہ سے عذاب دینا چاہتا ہے۔
***************************
*آخرت کے بارے میں : کافروں کی حالت*
رسول اللّٰہ ﷺ نے فرمایا :"کافر اپنی زبان کو ایک یا دو فرسخ (یعنی تقریباً بارہ کلومیٹر) تک زمین پر گھسیٹتے ہوئے چلے گا،لوگ اس کو روندتے ہوئے اس پر چلیں گے "۔
(ترمذی :2580، عن ابن عمر رضی اللہ عنہ)
***************************
*طب نبوی سے علاج : آپریشن سے پھوڑے کا علاج*
حضرت اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ میری گردن میں ایک پھوڑا نکل آیا ، جس کا ذکر حضور ﷺ سے کیا گیا ، تو آپ ﷺ نے فرمایا :"اسے کھول دو(یعنی پھوڑ دو) اور چھوڑو مت ، ورنہ گوشت کھائے گا اور خون چوسے گا ، (یعنی اس کا خراب مادہ اگر وقت پر نہ نکالا گیا ، تو زخم کو اور زیادہ بڑھا کر گوشت اور خون کو بگاڑتا رہے گا)"۔
(مستدرک حاکم :8250)
***************************
*نبی ﷺ کی نصیحت*
رسو ل اللّٰہ ﷺ نے فرمایا :" اے نوجوانوں کی جماعت!تم میں سے جو نان و نفقہ کی طاقت رکھتا ہو ، تو اسے ضرور شادی کر لینا چاہیے ، اس لیے کہ یہ آنکھ اور شرمگاہ کی حفاظت کا ذریعہ ہے اور جو اس کی طاقت نہیں رکھتا ہے ، تو اسے چاہیے کہ روزہ رکھے ، اس لیے کہ یہ اس کی شہوت کو کم کرنے میں مؤثر ہے "۔ (بخاری :5066،عن عبداللہ رضی اللہ عنہ)
**************************
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
انتخاب : نور محمد