10/06/2026
ایک خوشگوار ملاقات
محمد احمد رضا انصاری صاحب بچوں کے ادب کے ایک عمدہ اور باصلاحیت لکھاری ہیں ۔ جن کی متعدد کہانیاں اور ناول شائع ہو چکے ہیں۔ ان سے میرا پہلا تعارف فیس بک کے توسط سے ہوا ۔ اور جب معلوم ہوا کہ وہ ہمارے شہر کوٹ ادو سے تعلق رکھتے ہیں تو ان سے ملاقات کی خواہش پیدا ہوئی۔ پہلی ملاقات سرِراہ سلام دعا اور مختصر گفتگو تک محدود رہی ۔ تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ وہ سلائی کا کام بھی کرتے ہیں تو یوں اپنا سوٹ سلوانے کے سلسلے میں ان کے پاس جانے کا موقع ملا اور ان سے تفصیلی ملاقات و گفتگو ہوئی۔
گفتگو کے دوران یہ معلوم ہوا کہ ماشاءاللہ انکی آٹھ کتابیں شائع ہوچکی ہیں اور نویں کتاب اشاعت کے مراحل میں ہے ۔ان کی کتابوں کا سرسری مطالعہ کرنے کا موقع ملا۔ بچوں کی تربیت اور کردار سازی پر مبنی کہانیوں سے لے کر دلچسپ ناولوں تک ان کی تحریروں میں محنت اور خلوص نمایاں نظر آیا۔ میں ان سے دو کتابیں لے کر آیا۔ ایک ناول (جزیرے کا اغوا) اور دوسری بچوں کے لیے اصلاحی کہانیوں پر مشتمل کتاب (امانت کی واپسی) .
ایک دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ آج تک میں نے جتنے ناول، ڈائجسٹ اور کہانیاں پڑھیں ہیں وہ یا تو کرایہ پر حاصل کیں یا دوستوں سے لیں یا موبائل پر پڑھیں۔ بچپن میں بچوں کا اسلام ہو یا مسلمان بچے
بعد میں عمران سیریز ہوں یا طاہر جاوید مغل صاحب کے ناول ۔ جاسوسی ڈائجسٹ ہوں یا سسپنس ۔خرید کر پڑھنے کا اتفاق کبھی نہیں ہوا۔ لیکن اس بار میں نے اپنا یہ پرانا ریکارڈ توڑ دیا اور (امانت کی واپسی) احمد رضا انصاری صاحب سے خرید کر حاصل کی۔ انصاری صاحب تو محبت میں یہ کتاب بطور ہدیہ دینا چاہتے تھے مگر میں نے اصرار کرکے کتاب نہ خریدنے کا ریکارڈ توڑنا مناسب سمجھا 😅
البتہ ناول (جزیرے کا اغوا) انہوں نے مجھے مطالعے کے لیے دیا ہے تاکہ پڑھنے کے بعد واپس کر دوں۔ ناول کا کچھ حصہ پڑھ چکا ہوں اور ابتدائی تاثر بہت اچھا ہے۔
اللہ تعالیٰ محمد احمد رضا انصاری صاحب کے قلم میں مزید برکت عطا فرمائے اور انہیں بچوں اور نوجوانوں کے لیے ایسی ہی مفید اور معیاری تحریریں پیش کرتے رہنے کی توفیق دے۔
رانا احسان اللہ