19/11/2025
🟠 ایران نے بھارتی شہریوں کے لیے ویزا فری انٹری بند کر دی : سچ کوئٹہ نیوز رپورٹ
🔶 ایران نے بھارتی شہریوں کے لیے ویزا فری انٹری بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت اور ایران کے درمیان سفری قواعد میں بڑی تبدیلی کی گئی ہے، ایران نے بھارتی شہریوں کے لیے دی جا رہی ون وے ویزا فری انٹری بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
🔶 بھارتی میڈیا کے مطابق ایران کی جانب سے یہ اقدام ایسے متعدد واقعات سامنے آنے کے بعد کیا گیا ہے جن میں بھارتی شہریوں کو ملازمت کے جھوٹے وعدوں یا دوسرے ممالک تک آگے لے جانے (ڈنکی) کے بہانے ایران بلایا گیا اور ایران پہنچنے پر ان میں سے کئی افراد کو اغوا کرکے تاوان کا مطالبہ کیا گیا۔
🔶 اس حوالے سے بھارتی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسی شکایات سامنے آنے کے بعد ایرانی حکومت نے عام بھارتی پاسپورٹ رکھنے والے مسافروں کے لیے دستیاب ویزا چھوٹ کی سہولت 22 نومبر سے معطل کر دی ہے۔
🔶 بھارتی وزارتِ خارجہ کا دعویٰ ہے کہ ایرانی حکومت نے یہ اقدام جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے اس سہولت کے مزید غلط استعمال کو روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔ 22 نومبر سے عام بھارتی پاسپورٹ رکھنے والے تمام افراد کو ایران میں داخل ہونے یا وہاں سے گزر کر تیسرے ملک جانے کے لیے پہلے سے ویزہ حاصل کرنا ہوگا۔